کوئٹہ (ہمگام نیوز) مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے 4نکات رکھے ہیں 13اپریل کو وزیراعلیٰ بلو چستان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کرینگے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15اپریل کو ہم کوئٹہ شہر کی دکانیں ہر حال میں کھولیں گے تاجروں کی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کمر ٹوٹ گئی ہے۔ ہم اپنے ملازمین کی تنخواہیں اور کرایے ادا نہیں کرسکتے، تاجروں کی دکانوں میں خاص کر ڈرائی فروٹ سمیت کچھ ایسی اشیا بھی موجود ہیں جو خراب ہونے کا خدشہ ہے جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگا۔
مرکزی انجمن تاجران کے کابینہ کے ہمراہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے چار نکات رکھے ہیں کہ دکانداروں کوایک سے دو لاکھ تین ماہ کے آسان اقساط پر قرضہ دیا جائے۔ دن میں صبح 10 تا شام 5بجے تک دکانیں کھول دیں، یا پھر دورانئے کو 4 گھنٹے تک کیلئے محدود کیا جائے۔ اسی طرح حکومت کے سامنے مختلف آپشن رکھے ہیں امید ہے پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس میں ہمارے 4 نکات سمیت دیگر مسائل پر عملدرآمد ہوجائے گا۔


