Homeخبریںپرنس محمد احمد زئی کو منظرِ عام پر لایا جائے،مسلح تنظیموں یا...

پرنس محمد احمد زئی کو منظرِ عام پر لایا جائے،مسلح تنظیموں یا حکومت کی تحویل میں ہیں وہ وضاحت کریں ۔ اہلیہ

قلات ( ہمگام نیوز ) پرنس آغا موسیٰ جان احمد زئی بلوچ کی صاحبزادی اور پرنس محمد احمد زئی کی اہلیہ نے حکامِ بالا، بلوچستان کے سرداروں، میر و معتبرین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی ہے کہ میرے شوہر پرنس محمد احمد زئی کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور منظرِ عام پر لایا جائے۔

انھوں نے کہاکہ میرے شوہر کو لاپتہ ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے۔ سفر کے دوران بھی ان سے مسلسل رابطہ تھا، لیکن اب ان کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل رہیں، جس کی وجہ سے پورا خاندان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہے۔

اگر میرے شوہر کو کسی مسلح تنظیم نے تحویل میں لیا ہے تو وہ بھی اس حوالے سے وضاحت کرے۔ اگر پرنس محمد احمد زئی پر کوئی الزام ہے تو اسے واضح کیا جائے اور انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ یہ خبریں بھی سننے میں آ رہی ہیں کہ انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر ان کے اہلِ خانہ کو ان کی موجودگی اور خیریت کے بارے میں آگاہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ اس حوالے سے بھی وضاحت کی جائے۔ خاندان اس وقت شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہے۔

 پرنس کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ وہ سرکاری تحویل میں ہیں۔ اگر واقعی وہ کسی سرکاری ادارے کی تحویل میں ہیں تو براہِ کرم انہیں فوری طور پر منظرِ عام پر لایا جائے اور ان کے اہلِ خانہ کو ان کی خیریت سے آگاہ کیا جائے۔

بلوچستان کے تمام سرداران، میر و معتبرین اور ذمہ دار شخصیات سے دست بستہ اپیل ہے کہ پرنس محمد احمد زئی کی بازیابی کے لیے اپنی آواز بلند کریں اور اس مشکل گھڑی میں خاندان کا ساتھ دیں۔

آخر میں شہزادی نے کہاکہ ہم صرف اپنے شوہر کی خیریت، ان کی بحفاظت واپسی اور انصاف چاہتے ہیں۔

پرنس محمد احمد زئی کو منظرِ عام پر لایا جائے!

یہ بھی پڑھیں

فیچرز