چهارشنبه, نوومبر 6, 2024
Homeخبریںایرانی ایٹمی تنازعہ: بالآخر اتفاق رائے ہو گیا

ایرانی ایٹمی تنازعہ: بالآخر اتفاق رائے ہو گیا

لوزان(ہمگام نیوز) ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین متنازعہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق طویل عرصہ قبل شروع ہونے والے اور پچھلے کئی روز سے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں جاری مذاکرات میں جمعرات کی شام فریقین کے مابین بالآخر اتفاق رائے ہو گیا۔

لوزان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وفاقی جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے دو اپریل جمعرات کی شام اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے اور ’معاہدے کے فریم ورک پر اتفاق رائے‘ ہو گیا ہے۔

اسی طرح اشٹائن مائر اور پانچ دیگر ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مذاکراتی ساتھی، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’مسئلے کا حل تلاش کر لیا گیا ہے اور اب ہم فوری طور پر معاہدے کے مسودے کے لیے تیار ہیں‘۔

ایران، جرمنی اور سلامتی کونسل کی پانچ مستقل رکن ریاستیں سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں گزشتہ کئی دنوں سے یہ بہت اہم مذاکرات جاری رکھے ہوئے تھیں۔ جون میں متوقع حتمی معاہدے سے قبل ایک فریم ورک ڈیل کی تیاری کے لیے ڈیڈ لائن 31 مارچ رکھی گئی تھی۔ تاہم اکتیس مارچ کی رات بارہ بجے تک فریقین کے مابین کوئی اتفاق رائے نہ ہو سکا تھا، اس لیے مکالمت مسلسل جاری رہی، جس کا نتیجہ بالآخر جمعرات کی شام تہران اور عالمی طاقتوں کے مابین اتفاق رائے کی صورت میں نکلا۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے تہران سے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی آج رات کہہ دیا کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین ایک جوہری معاہدے کے ’بنیادی نکات اور معیارات‘ سے متعلق مفاہمت ہو گئی ہے، جس کے بعد ایک ایسے حتمی معاہدے کے مسودے کی تیاری جلد از جلد شروع کر دی جائے گی، جو ’تیس جون تک قطعی طور پر طے‘ پا سکے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز