کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں صوبہ بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج بلوچ قومی رہنما بانک کریمہ بلوچ کے جسد خاکی کی کراچی پہنچنے کے ساتھ ہی فورسز نے میت کو خود کے تحویل میں لے کر آخری رسومات کی ادائیگی منسوح کر کے لاش کی بے حرمتی کی ہے. بلوچ یکجہتی کمیٹی قومی رہنما کے لاش کی بے حرمتی پر کل جنوری 25 کو صوبہ بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرکے تاجر برادری سے اسے کامیاب بنانے کی اپیل کرتی ہے.
انھوں نے کہا کہ 24 جنوری کی صبح جسد خاکی کے کراچی پہنچنے کے ساتھ ہی فورسز کی ایک بڑی نفری نے جسد خاکی کو خود کے تحویل میں لے لیا اور لواحقین کی مرضی کے بغیر انھیں ایمبولینس میں ڈال کر سکیورٹی کے سخت حصار میں اُن کے آبائی علاقے تمپ لے جایا گیا. ریاست کی جانب سے تمام انسانی اقدار کو روند کر بانک کریمہ بلوچ کی کراچی میں نماز جنازہ اور آخری رسومات کے ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ گھنٹوں انتظار کرنے والی عام عوام کو آخری دیدار کا موقع بھی نہیں دیا گیا.
انھوں نے کہا کہ ریاست نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے کیچ کے تمام علاقوں میں نیٹورک بند کردیا اور ذریعہ مواصلات کے تمام ذرائع کاٹ دیے گئے. بانک کریمہ بلوچ کے آخری دیدار کیلئے روٹ کے مختلف مقامات پر موجود عام عوام کو طاقت کے زور پر راستوں سے ہٹا دیا گیا اور بانک کریمہ بلوچ کے آبائی علاقے تمپ میں کرفیو نافذ کر دی گئی اور تمپ کو جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں ڈال کر بند کر دیا گیا.
اپنے بیان کے آخر میں انھوں نے کہا کہ بانک کریمہ بلوچ کو ایک قومی رہنما کی حیثیت حاصل ہے اور انھیں بلوچستان میں نہایت ہی عقیدت کے نظر سے دیکھا جاتا ہے. عام عوام کو بانک کریمہ کے آخری دیدار سے روکنا اور نمازجنازہ کی اجازت نہیں دینا تمام انسانی, مذہبی اور قومی اقدار کو روندنے کے مترادف ہے. اِس بیان کے توسط سے ہم اعلان کرتے ہیں کہ کل, 25 جنوری کو صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کیا جائے گا اور اِس حوالے سے ہم تمام تاجر برادی اور ٹرانسپورٹ انتظامیہ سے ہر قسم کے تعاون کی اپیل کرتے ہیں.


