کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ آزادی پسند رہنماء ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قیادت کو اپنی انا اور چھوٹے چھوٹے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ایک دوسرے سے رابطے شروع کرنے چاہئیں۔
ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے آج کل کے حالات کے نزاکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچ قومی بقاء کے لئے ضروری ہے کہ بلوچ قیادت اتحاد کی طرف بڑھے۔
بلوچ رہنماء نے مزید کہا کہ اگر ہم اس وقت ایک متحدہ محاذ تشکیل دینے میں ناکام ہوئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
یاد رہے پچھلے کچھ مہینوں سے ڈاکٹر اللہ نظر کی طرف سے یہ تیسرا بیان ہے جو وہ بلوچ قیادت کو اتحاد کے حوالے سے اپیل کررہے ہیں۔
اس وقت ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ کے حالیہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بلوچ سیاسی کارکن ملے جُلے رد عمل کا اظہار کررہے ہیں۔ کچھ بلوچ کارکنوں کا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیسبک اور ٹوئیٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ڈاکٹر اللہ نظر اس حوالے سے سنجیدہ ہیں تو وہ اپنی طرف سے کوئی عملی قدم اٹھائیں کیونکہ بلوچ قومی تحریک کے اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرنا کوئی مشکل کام نہیں لہٰذا بیان بازی سے بہتر ہے کہ وہ رابطے کی بنیاد خود رکھیں یا پھر ایک ایسی کمیٹی تشکیل دیں جو اس حوالے سے رابطہ کاری شروع کرے۔