میرعلی(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان کے میر علی پولیس تھانے کی حدود میں دہشت گردوں نے 4 خواتین کو فائرنگ کر کے قتل کردیا، پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر (DPO) کے جاری کردہ بیان کے مطابق چاروں خواتین مبینہ طور پر ایک غیر سرکاری تنظیم (NGOs) سے منسلک تھیں اور دستکاری کی تربیت دیتی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول خواتین کی شناخت ناہید بی بی، ارشاد بی بی، عائشہ بی بی، جویریہ بی بی کے نام سے ہوئی۔
ان کے علاوہ ایک خاتون مریم بی بی اپنی گاؤں کے ایک گھر میں داخل ہوجانے کی وجہ سے خوش قسمتی سے فائرنگ سے بچنے میں کامیاب رہیں۔
دہشت گردی کے اس حملے میں گاڑی کے ڈرائیور عبدالخالق بھی زخمی ہوئے، چاروں خواتین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر میر علی منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او کے مطابق دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کے لیے میر علی تحصیل میں سرچ اور اسٹرائیک آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ سابق فاٹا کے اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں۔