راولپنڈی (ہمگام نیوز)قابض پاکستانی فوج کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے آج پریس بریفنگ دیتے ہوئے اپنے نام نہاد آپریشن “رد الفساد” کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ اس دوران قابض پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے اعتراف کیا کہ پچھلے 4 سالوں میں مقبوضہ بلوچستان میں قابض پاکستانی فوج کی جانب سے 80 ہزار فوجی جارحیت کی کاروائیاں کی گئی ہیں۔
مقبوضہ بلوچستان میں قابض پاکستانی فوج روزانہ کی بنیاد پر جارحیت کرتے ہوئے بلوچ قوم کا قتل عام کرنے میں ملوث ہے۔ جارحیت کے دوران نہ صرف قابض فوج بلوچستان میں لوگوں کو قتل کرتی ہے بلکہ ان کے گھر جلانا، لوگوں کو جبری گمشدگی کا شکار بنانا، مال مویشی لوٹ کر اپنے ساتھ لے جانا بھی ان کی جارحیت کا حصہ ہوتی ہیں۔
اس طرح میڈیا کے سامنے اپنا اعتراف جُرم کرنا یقیناً عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کے لئے سوالیہ نشان ہے کہ ایک بیرونی قبضہ گیر فوج ایک دوسرے ملک میں نہ صرف غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر قابض ہے بلکہ وہاں لوگوں کے قتل عام جیسے جُرم میں بھی ملوث ہے جس پر ذمہ دار اداروں کو عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔