دمشق (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ میوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے شام میں ایران کے حمایت یافتہ ملٹری انفرا اسٹرکچر پر حملے میں 17 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی شام میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملہ کیا گیا۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پر حملہ کیا گیا جو عراق میں امریکی فوجیوں پر کیے گئے حالیہ راکٹ حملے کا ردعمل ہے۔
پینٹاگون حکام کے مطابق امریکی طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ ملٹری انفرااسٹرکچر پر 500 پونڈ کے 7 گائیڈڈ پریسیشن بم گرائے اور مسلح گروپ کی جانب سے اسلحے کی منتقلی سمیت 7 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق امریکی حملوں میں ایک درجن سے زائد ایرانی حمایت یافتہ جنجگو ہلاک ہوئے اور اسلحہ و بارود لیکر جانے والی تین گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل عراق میں اربل ائیرپورٹ کے قریب ایک ملٹری بیس پر حملے میں امریکی اتحادی فورسز کا ایک اہلکار ہلاک اور امریکی فوجی سمیت 9 غیر ملکی زخمی ہو گئے تھے۔