پنجشنبه, اکتوبر 3, 2024
Homeخبریںبلوچستان میں دوسرے روز بھی جزوی ہڑتال

بلوچستان میں دوسرے روز بھی جزوی ہڑتال

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بی این ایف کی کا ل پر آج بروز جمعرات دوسرے روز بھی گوادر، پسنی، جیونی، اوڑماڑہ،تمپ، مند، تربت،بلیدہ،پنجگور، ہوشاپ، بالگتر، آواران، مشکے، جھاؤ، کولواہ،بیلہ،حب، اوتھل، خضدار، وڈھ، خاران، نوشکی، ناگ، بسیمہ ، واشک،کوئٹہ، مستونگ، قلات ، سوراب،ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال رہا ۔ بلوچستان بھر کے تمام کاروباری مراکز بند و سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معطل رہی۔جبکہ سرکاری دفاتر و بینک بھی بند رہے۔ بی این ایف کے ترجمان کے مطابق بلوچستان بھر میں ہونے والی کاروائیوں کے خلاف عوامی رد عمل پاکستان سے بلوچ قومی نفرت کا اعلانیہ اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مالک و نیشنل پارٹی بلوچ عوام کے اندر اپنی گرتی ساکھ کو دیکھ کر حواس باختہ ہو چکے ہیں۔ اسی لئے وہ بلوچ سیاسی کارکنوں و عوام کے خلاف ہونے والی فوجی کاروائیوں کی رہنمائی کررہے ہیں ۔مکران میں ہونے والی تمام کاروائیاں ڈاکٹر مالک کی سربراہی میں ہو رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر مالک میڈیا میں دورغ گوئی کر کے پاکستانی دہشتگردی کے خلاف ہونے والی عوامی ہڑتال سے انکار کررہے ہیں۔ لیکن بلوچ عوام نیشنل پارٹی و ڈاکٹر مالک جیسے ریاستی وفاداروں کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔ بی این ایف نے دوسرے روز کی ہڑتال کامیاب بنانے پر بلوچ عوام، تاجر برادری و ترانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی یکجہتی کا مظاہرہ بلوچ قومی تحریک کی کامیابی و ریاستی باجگزاروں کی ناکامی کا باعث ہو گا۔واضح رہے کہ بی این ایف کے ترجمان نے مشکے و دشت سمیت بلوچستان بھر میں ہونے والی کاروائیوں اور لاپتہ بلوچوں کی حراستی قتل کے خلاف 22اور23اپریل کودو روزہ پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔ جس کے باعث بلوچستان کے تمام کاروباری مراکز بند اور ٹریفک کی روانی دو روز تک معطل رہی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز