لندن (ہمگام نیوز) بی این ایم برطانیہ (یوکے) زون کا آن لائن جنرل باڈی اجلاس زونل صدر حکیم بلوچ کی زیرصدارت ستائیس مارچ کو منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص بی این ایم ڈائسپورہ کمیٹی کےڈپٹی آرگنائزر حسن دوست بلوچ تھے۔
اجلاس میں بی این ایم یو کے زون کے ممبران نے شرکت کی اور جنرل باڈی میں یو کےزون کی نئی کابینہ کے انتخابات بھی عمل میں لائے گئے۔
جنرل باڈی اجلاس میں زونل رپورٹ، تنظیمی امور، تنقیدی نشست اور آئندہ کا لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث آئے۔ اجلاس کے ابتداء میں شہداء آجوئی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اجلاس سے ڈائسپورہ کمیٹی کے ڈپٹی آرگنائزر حسن دوست بلوچ، زونل صدر حکیم بلوچ، جنرل سیکرٹری نیاز بلوچ، سینئر رکن صہیب بلوچ اور فہیم بلوچ سمیت دیگر ارکان نے خطاب کیا۔
اجلاس میں زونل جنرل سیکرٹری نیاز بلوچ نے زونل کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی زونل رپورٹ پیش کی جبکہ فنانس سیکرٹری سکندر بلوچ نے فنانس رپورٹ پیش کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج 27 مارچ کا دن ہمیں ہماری غلامی کی یاد دلاتا ہےکیونکہ آج ہی کے دن ریاست قلات کی باقاعدہ جمہوری ایوانوں (دیوان عام و دیوان خاص) کے قراردادوں کو روند کر بزور طاقت دشمن نے حملہ کرکے ریاست قلات پرقبضہ کیا تھا۔آج کے دن بلوچ وطن کی آزادی سلب کی گئی اور ایک آزاد وطن کو غلامی کی زنجیروں میں قید کیا گیا۔
برطانیہ نے اپنی کالونی ہندوستان سے جانے کے بعد بلوچستان کی آزاد حیثیت کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، کیونکہ ریاست قلات برطانوی یلغار سے قبل اس دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے موجود تھا۔ آج کا دن ہمیں یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ بحیثیت قوم اور ذمہ دارسیاسی کارکن کے ہم پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آج کے دن کو بلوچ قوم 1948 سےلیکر آج تک ایک سیاہ دن کے طور پر مناتی آرہی ہے۔ اُس دن سے لیکر آج تک بلوچ قوم کا ہر فرد اس سیاہ اور تاریک غلامی کے خاتمے کیلئے مزاحمت کرتے چلے آرہے ہیں اور اس غلامی کو قبول کرنے سے انکار کرکے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے آرہے ہیں۔ پورےسال میں ایک ایسا دن نہیں جس میں درجنوں شہداء کی برسی نہ ہو۔ آج ہم یہ سمجھتے ہیں کہ صرف 27 مارچ نہیں بلکہ ہر روز بلوچ قوم کیلئے سیاہ دن ہے اور یہ سیاہ دن اس وقت تک ہوگا جب تک بلوچ اپنے مقبوضہ سرزمین کو ایک آزاد و روشن خیال اور تمام سماجی برائیوں سے پاک وطن بنانے میں سرخرو نہیں ہونگے۔
مقررین نے مزید کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ آج سیاسی لیڈر اور ورکروں کی اتنی بڑی تعداد میں جانی قربانیوں کی بدولت ہم ضرور اپنے وطن کو اس ناپاک غلامی سے آزاد کرواکر ایک روشن و جمہوری وطن جو دنیا اور ہمارے ہمسائیوں کیلئے ایک خوشحال وطن ہو، بنانے میں سرخرو ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آج بیرونی ممالک میں سیاسی ورکروں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے۔وہ اپنے مادر وطن سے دور دیار غیر میں بیٹھ کر اپنی قومی ذمہ داریوں سے کسی طور فراموش نہیں ہوسکتے ہیں۔ دیار غیر میں موجود سیاسی ورکروں کی موجودگی کا مقصد صرف اپنی زندگیوں کو محفوظ بنانا نہیں بلکہ وہ دنیا کے کونے کونے میں بلوچ قوم کی آواز بن کر بلوچ مسئلے کو دنیا کے مختلف ایوانوں میں پیش کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ بی این ایم کی یہی کوشش رہی ہے کہ ہم وطن سے دور اپنے سیاسی و وطنی ذمہ داریوں کو ہر ممکن طور پر پورا کریں کیونکہ آج جدید دنیا میں سیاسی طور طریقے بھی بدل چکے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہم بھی ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جمہوری ممالک اور جمہوری اداروں میں اپنی قوم کی آواز کو ایک موثر انداز میں پیش کر سکیں۔
اجلاس کے آخر میں زونل انتخابات کیلئے ایک انتخابی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کے چیئرمین حسن دوست بلوچ، جبکہ صہیب بلوچ و زاہد بلوچ اس کے رکن منتخب ہوئے۔ زونل اراکین نے انتخابی کمیٹی کے پاس اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور بعد میں باقاعدہ انتخابات ہوئے۔ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی کمیٹی نے بی این ایم یوکے زون کی نئی کابینہ کااعلان کیا جس میں صدر حکیم بلوچ، نائب صدر سکندر بلوچ، جنرل سیکرٹری نیاز بلوچ جوائنٹ سیکرٹری وسیم بلوچ اور فنانس سیکرٹری نسیم بلوچ منتخب ہوئے۔