تربت (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے تربت میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ کی جانب سے سانحہ ہوشاپ کمسن مراد امیر کی ایف سی اہلکار کے ہاتھوں جنسی زیادتی کے خلاف احتجاجی ریلی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے صدر مقام تربت میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کیچ کی جانب سے سانحہ ہوشاپ کمسن مراد امیر کی ایف سی اہلکار کے ہاتھوں جنسی زیادتی کے خلاف تربت پولیس تھانے سے لیکر شھید فدا چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی ریلی میں بچے، خواتین اور مردوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے سانحہ ہوشاپ کے مختلف قسم کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر واقعے کے خلاف مختلف مذمتی کلمات اور نعرے درج تھے۔ ریلی میں شریک مظاہرین نے دوران ریلی اس غیر انسانی فعل پر شدید نعرے بازی کی اور فدا شہید چوک پر پہنچ کر ریلی نے ایک احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کی جہاں پر مقررین نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا اور پاکستانی فوج کی جانب سے کئے گئے اس اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔