فرانس(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایلپس کے پہاڑی سلسلے میں برفانی تودہ گرنے کے دو الگ الگ حادثات میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ باقی تمام کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس میں ایلپس کے پہاڑی سلسلے کے علاقے ساووئی میں کوہ پیما چوٹی عبور کرنے کی کوشش میں برفانی تودے کی زد میں آکر دو الگ الگ مقامات پر تھوڑے تھوڑے وقفے سے پیش آنے والے ان واقعات میں 7 کوہ پیما ہلاک ہوگئےہیں۔
اطلاعات کے مطابق اٹلی کی سرحد کے قریب اس علاقے میں گزشتہ دو ہفتوں سے شدید برف باری جاری ہے اور موسم انتہائی خراب ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 42 سے 71 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے کوہ پیماؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ حکومت نے موسم کی خرابی کی وجہ سے چوٹی سر کرنے والے کوہ پیماؤں سے بیس کیمپ سے واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔