واشنگٹن(ہمگام نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی رہ نماؤں کو متنبہ کیا ہے کہ مشرقی یروشلم میں فلسطینی خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے سے تناؤ، تنازعہ اور جنگ دوبارہ چھڑ سکتی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم معاملہ غزہ میں جنگ بندی، غرب اردن اور القدس میں امن کی بنیاد رکھنا ہے۔ خیال رہے کہ رمضان کے مہینے کے آخر میں فلسطینی خاندانوں کو مشرقی بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے بے دخل کرنے کی صہیونی انتہا پسندوں کی کارروائی کے بعد فلسطین بھر میں کشیدگی شروع ہوگئی تھی۔
یاد رہے الشیخ جراح سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی پر غزہ کی پٹی سے حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے جس کے بعد حماس اور اسرائیل میں لڑائی شروع ہوگئی تھی جو11 روز تک جاری رہی۔


