جنیوا (ہمگام نیوز) اقوام متحدہ نے یمن میں حوثیوں کی جانب سے مارب شہر پر میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے ہونے والے حالیہ حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے حجس میں درجنوں شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سرکاری ترجمان کے نائب فرحان حق نے جمعے کے روز نیویارک میں صحافیوں سے کو بتایا کہ حوثیوں کا حملہ ان کمپاؤنڈز کے قریب ہوا جہاں امدادی کارکنان مقیم تھے مزید انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز ہونے والے اس حملے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ یمن میں تنازع کا سب سے زیادہ بوجھ شہریوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
اقوام متحدہ نے متحارب فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق اپنی پاسداریوں پر کاربند رہیں۔ ان میں شہریوں، امدادی کارکنان اور شہری انفرا اسٹرکچر کا تحفظ شامل ہے۔
واضح رہے کہ مارب میں اس قبیح کارروائی کی بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی سطح پر بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ یمنی حکومت نے اسے جنگی جرم شمار کیا ہے۔ ساتھ ہی زور دیا ہے کہ حوثیوں کے جرائم روکنے اور ان کا ارتکاب کرنے والے عناصر کے تعاقب کے لیے عالمی برادری کا حرکت میں آنا نہایت اہم ہیں۔