کوئٹہ(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا ہے.
اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش بغیر آپریشن کے ہوئی ہیں.
بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے رہائشی ولی جان عرف طور جان اچکزئی کی شادی کے بعد پہلی مرتبہ ان کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
بچوں میں تین لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں جن کی پیدائش کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں قائم ایک نجی ہسپتال میں ہوئی ہیں –
ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر منظور خان کاکڑ نے میڈیا کو بتایا کہ حاملہ خاتون کو منگل کے روز ہسپتال لایا گیا تھا، ڈاکٹروں اور عملے کے ارکان کی کوششوں سے بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر ہوئی۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوئی تاہم سب کی حالت بہتر ہے۔ انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں انکیوبیٹر میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔منظور خان کاکڑ کے مطابق ایک بچہ باقیوں کی نسبت زیادہ تندرست اور وزنی ہے جبکہ باقی بچوں کا وزن عام نوزائیدہ بچوں کی نسبت کم ہے۔


