پینٹاگون(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے پیر کے روز پینٹاگان میں امریکی جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک میلی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد امریکی وزارت دفاع نے زور دے کر کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مضبوط تعلقات پر کاربند ہے۔
پینٹاگان کے ترجمان جان کیربی نے باور کرایا کہ امریکا مشرق وسطی میں اعلی صلاحیتوں کے ساتھ اپنا وجود رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج کو ایک علاقے سے دوسرے علاقے منتقل کرنا معمول کی بات ہے۔ ترجمان کا اشارہ مشرق وسطی کے بعض ممالک سے پیٹریاٹ بیٹریوں کو ہٹانے کے فیصلے کی جانب تھا۔ اس فیصلے پر جلد عمل درامد ہو گا۔
امریکی اور اسرائیلی جانب کے بیچ لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ہتھیاروں اور میزائلوں کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔
پینٹاگان کے مطابق امریکا نے خطرات اور تبدیلیوں کے تناسب سے خطے میں اعلی صلاحیتوں کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ لہذا بعض چیزوں کا انخلا امریکا کے مفادات پر ہر گز اثر انداز نہیں ہوگا۔