سه شنبه, اپریل 22, 2025
Homeخبریںبھارت جموں ائیر فورس اسٹیشن کے قریب 6 منٹوں میں 2 دھماکے،...

بھارت جموں ائیر فورس اسٹیشن کے قریب 6 منٹوں میں 2 دھماکے، دو اہلکار زخمی:

دہلی(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق جموں وکشمیر میں ائیر فورس اسٹیشن کے قریب 6 منٹوں میں 2 دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، اور جموں و کشمیر کے ڈی جی پی نے حملوں کو دہشت گرد حملہ قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انڈین فضائیہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع دی تھی، انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ اتوار کی صبح جموں ائیر فورس سٹیشن کے تکنیکی علاقے میں دو کم شدت والے دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکے سے ایک عمارت کی چھت کو نقصان پہنچا جبکہ دوسرا کھلے حصے میں ہوا۔ دھماکوں میں ائیر فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے اور دونوں دھماکوں کے درمیان چھ منٹ کا وقفہ تھا۔

فضائیہ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقعے میں کسی مواد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور متعلقہ سویلین ایجنسیاں تفتیش کر رہی ہیں۔ یہ دھماکے جموں ايئرپورٹ کے اس حصے میں ہوئے جو انڈین فضائیہ کے لیے مختص ہے۔

ڈی جی پی سنگھ نے بتایا کہ جموں پولیس نے ایک اور آئی ای ڈی برآمد کیا ہے جس کا وزن چھ کلو گرام ہے۔ یہ آئی ای ڈی لشکر کے ایک کارکن کے پاس پایا گیا جو اسے شہر کے ایک رش والے علاقے میں رکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دھماکہ خیز مواد کو برآمد کر کے شہر میں ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور آئی ای ڈی سے دھماکے کی اس کوشش کے سلسلے میں مزید مشتبہ افراد کے پکڑے جانے کا امکان ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ جموں ہوائی اڈے پر دو دھماکوں میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو ڈرون کے ذریعے گرایا جانے کا شبہ ہے۔

ایجنسی نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نائب ایئر چیف، ایئر مارشل ایچ ایس اروڑا سے بات کی ہے۔ ائیر مارشل وکرم سنگھ صورتحال کا جائزہ لینے جموں پہنچ رہے ہیں۔

انڈیا کے معروف صحافی شیکھر گپتا نے خبر کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ جموں میں انڈین ايئرفورس کے ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز سے بم گرائے گئے یہ انڈیا میں اس قسم کا پہلا حملہ ہے۔

جموں و کشمیر سرحد پر بھی سکیورٹی کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب اور ہماچل پردیش میں بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور چوکیوں پر گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے یہ اہم ہے کہ تکنیکی اریا فضائیہ کا مرکز ہے بلکہ یہ سب سے اہم علاقہ ہے کیوںکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں تمام آلات، ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹرز وغیرہ موجود ہوتے ہیں۔ اسی جگہ پر تمام ہارڈ ویئرز رکھے گئے ہیں۔ کسی فضائیہ کے اڈے پر دو اہم حصے ہوتے ہیں، ایک تکنیکی علاقہ اور دوسرا انتظامی علاقہ۔ اس لحاظ سے یہ حملہ بہت سنگین ہے۔ اسے صرف دو چھوٹے دھماکوں کے طور پر نہیں دیکھا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز