ماسکو ( ہمگام نیو) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق روس کے علاقے تاتارستان میں ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
روسی خبر رساں ایجنسی “تاس” کے مطابق ایمرجنسی سروسز کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ نجی فلائنگ کلب کی ملکیت ٹربولٹ ایئرکرافٹ ریاست تاتارستان کے شہر منزلنسک میں گر کر تباہ ہوا۔
حادثہ ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔
خیال رہے کہ روس میں رواں سال جولائی میں طیارے کے ایک حادثے میں 28 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ روس کا اے این 26 مسافر بردار طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
طیارے کے گرتے ہی کئی بحری جہاز ہنگامی امداد کے لیے حادثے کی جگہ پہنچے تھے تاہم کوئی مسافر حادثے میں زندہ نہ بچ سکا۔
مقامی ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کی ترجمان ویلینٹینا گلازوفا نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ اے این 26 کامچٹکا کے مرکزی شہر پیٹرو پاولوسک سے شہر پلانا کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ اچانک غائب ہو گیا اور طے شدہ وقت پر لینڈ بھی نہیں کر سکا۔
ٹربولٹ ایئرکرافٹ کو ماضی میں بھی حادثے پیش آتے رہے ہیں اور اپریل 2019 میں نیپال میں ٹیک آف کے دوران اسی طرح کا ایک چھوٹا طیارہ ایئرپورٹ پر کھڑے دو ہیلی کاپٹرز پر گر گیا تھا۔