زاہدان ( ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز 16 اکتوبر کو میونسپل حکام نے فوجی دستوں کے تعاون سے ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر دزاپ/زاہدان میں کشاورزی بلیوارڈ ایریا میں بلوچ شہریوں کے متعدد رہائشی مکانات کو تباہ کر دیا۔
مزید اطلاع کے مطابق درجنوں گاڑیاں اور بھاری ہتھیاروں سے لیس ہاؤسنگ اسکیم فاؤنڈیشن نے ایرانی آرمی اور دیگر اداروں کی مدد سے کئی رہائشی مکانات منہدم کر دیئے ـ
یہ رہائشی مکانات کشاورزی بلیوارڈ کے 30 میٹر کے اختتام پر واقع تھے اور ان کے مالکان نے ان گھروں کی تعمیر کے لیے لاکھوں تومن خرچ کیے تھے۔
حالیہ ہفتوں میں بلوچستان ، خاص طور پر دزاپ/زاہدان اور چابہار شہروں میں بلوچ شہریوں کے گھروں کی مسماری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
بلوچ سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا خیال ہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے مختلف بہانوں سے بلوچ عوام کی زمینوں کو ضبط کرنے کا مقصد بلوچستان میں آبادی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنا اور ان کی زمینیں غیر بلوچوں کے حوالے کرنا ہے۔