کوئٹہ(ہمگام نیوز) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری سخی کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں بلوچستان یونیورسٹی سے جبری طور لاپتہ طلبا پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کو غیر قانونی طور پر لاپتہ کرنا اور تاحال کوئی کوج نہ لگانا انتہائی افسوسناک ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور حکومتی کمیٹی ٹال مٹول سے کام لینا چھوڑ دیں۔ وی سی صاحب کی خاموشی سنگین سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ جناب وی سی صاحب واقعہ کی پوری جانچ پڑتال کریں اور حقیقت سامنے لائیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ غلط بیانی نہ کریں انکی غلط بیانی یہ واضح کر رہی ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ خود فریق کا کردار ادا کر رہی ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو پناہ دے رہی ہے۔ آج پندرہویں روز بھی طلبا کا اس سرد موسم میں احتجاج جاری ہے لیکن تاحال حکومت بے بس و لاچار نظر آ رہی ہے۔بجائے اسکے کہ وہ طلبا کی بازیابی کیلئے اقدام اٹھائے، حکومتی کمیٹی مذاکرات کے نام پر طلبا کا وقت ضائع کرتی رہی ہے۔اگر ایسا چلتا رہا تو طلبا اپنے جائز مطالبات کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ حکومت طلبا کو روڈوں پر نہ لائیں۔ انہوں نے مزید اپنے بیان میں کہا کہ پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن یونیورسٹی آف بلوچستان کے طلبا تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کا مکمل حمایت کرتی ہے اسے اثنا طلبا کی بازیابی کے لیے صوبے بھر میں احتجاجی ریلیاں ریکارڈ کرانے کا اعلان کرتی ہے۔