کوئٹہ(ہمگام نیوز)نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ نوآبادیاتی پالیسی کو دوام بخشنے کے لئے استعمار کی طرف سے ہمہ وقت تنازعات جنم دیے جاتے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو ہی آپسی تنازعات میں الجھا کر قومی معاملات سے دور کیا جائے جس کے لئے ففت کالم کے حکمت عملی کو استعمال میں لایا جاتا یے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وڈھ میں ایک قبیلے کو دو زیلی شاخوں کے تنازعہ کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور دیگر قبائل کو بھی اس میں شامل کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ حالیہ وڈھ واقعہ کا تنازعہ اچانک رونما ہونے والا تنازعہ نہیں ہے اور نا ہی یہ پہلا واقعہ ہے بلکہ اس سے پہلے بھی زمینی اور قبائلی تنازعات کی آڑ میں بلوچوں کو مختلف معاملات میں الجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک عرصے سے وڈھ میں حالیہ تنازعہ میں ریاستی مشینری کو استعمال میں لایا جا رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی سمجھتی ہے کہ بلوچ قومی سیاسی پارٹی و تنظیموں کو اس مسئلے کا تدارک کرتے ہوئے حل نکالنا چاہیے تا کہ بلوچ قومی وحدت کو بیرونی سازشوں سے تحفظ دیا جا سکے۔
مرکزی ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں مذکورہ قبیلے کے دونوں زیلی شاخوں سے اپیل کی ہے کہ استعماری سازشوں کو سمجھتے ہوئے استعمار نواز قوتوں کے آلاکار بننے کے بجائے اصل دشمن کی پہچان کریں تا کہ دونوں قبیلوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔