صنعاء(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبے مارب میں شدید معرکوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبے کے مغربی اور جنوبی حصے میں یمنی فوج کی حوثی ملیشیا کے ساتھ جھڑپیں پھر سے شروع ہو گئیں۔ یمنی فوج کو عوامی مزاحمت کاروں کی معاونت حاصل ہے۔
ایران نواز حوثیوں نے اتوار کے روز اور پیر کی صبح مارب کے مغربی محاذ الکسارہ پر متعدد عسکری گاڑیاں اکٹھا کر لیں۔ تاہم یمنی فوج کی توپوں نے ان گاڑیوں کو شدید گولہ باری سے نشانہ بنایا اور دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی ملیشیا کے 8 ارکان ہلاک ہو گئے۔
ادھر جنوبی محاذ پر یمنی فوج نے دو سمتوں سے کیے گئے حوثیوں کے حملے کو پسپا کر دیا۔ دریں اثنا فوجی توپوں نے مشرقی بلق میں تین عسکری اور ایک بکتر بند گاڑی تباہ کر دی۔
یمن کی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے جوبہ اور ملعاء میں حوثیوں کی عسکری کمک کو نشانہ بنایا۔ اس دوران میں درجنوں عسکری گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔
اس سے قبل عرب اتحاد کے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ اتحاد کی سات کارروائیوں میں البیضاء صوبے کے عسکری کیمپ السوادیہ میں راکٹوں کے لانچنگ پیڈوں ، ہتھیاروں اور عسکری گاڑیوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔