سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںفوجی کیپٹن کی گاڑی کو اوور سپیڈنگ کے باعث روکے جانے پر...

فوجی کیپٹن کی گاڑی کو اوور سپیڈنگ کے باعث روکے جانے پر پولیس اہلکار پر تشدد

پشاور (ہمگام نیوز) اوور سپیڈنگ کے باعث فوجی کیپٹن کو پشاور ٹول پلازہ کے قریب روکے جانے پر پولیس اہلکار پر کیپٹن نے ساتھیوں سمیت تشدد کیا-

پولیس کے مطابق اوور سپیڈنگ کے باعث وائرلیس سیٹ پر گاڑی کے بارے میں بتایا گیا تھا ۔ اس گاڑی کو روکا اور اس کے ڈرائیور سے لائسنس طلب کیا گیا اور ڈرائیور کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا بتایا گیا اور اسے بتایا گیا کہ ان کا چالان ہوگا۔

گاڑی کے ڈرائیور نے بتایا کہ وہ فوج میں کیپٹن ہے۔ اس بارے میں پشاور میں ملٹری پولیس کے ہیڈکوارٹر فون پر معلومات حاصل کی گئیں جہاں سے جواب دیا گیا کہ وہ ’بعد میں بتاتے ہیں‘۔ اس کے بعد ایک فون آیا جس میں بتایا گیا کہ وہ کیپٹن بول رہے ہیں اور وہ خود موقع پر آ رہے ہیں۔
تھوڑی دیر بعد کچھ لوگ دو گاڑیوں میں آئے اور موٹروے پولیس کے اہلکار کو لاتوں اور گھونسوں سے مارنا شروع کر دیا اور ایک ایس ایم جی رائفل کو لوڈ کرکے نشانہ باندھا لیکن اس دوران وہاں موجود سکواڈ کے افسران وہاں پہنچے اور حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
افسران نے ان لوگوں کو گرفتار کیا اور حسب ضابطہ گاڑیوں کی تلاشی لی جن سے مختلف قسم کا آتشین اسلحہ برآمد ہوا جس میں پسٹل، رائفل ، اور کلاشنکوف شامل ہیں ۔
اب تک ان افراد پرکوئی ایف آئی آر یا کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق دونوں جانب سے بات چیت جاری ہے اور اس کا حل نکالا جا رہا ہے تاکہ معاملہ سلجھایا جا سکے ۔

واضح رہے کہ موٹر وے ٹول پلازہ پر اس سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں ۔ گزشتہ سال مئی کے مہینے میں تیز رفتار گاڑی کو اہلکار نے روکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی نے اہلکار کو کچل دیا تھا جس سے موٹر وے پولیس کا اہلکار شدید زخمی ہوگیا تھا اور بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا

یہ بھی پڑھیں

فیچرز