کوئٹہ(ہمگام نیوز) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے 9 فروری کو سول ہسپتال کوئٹہ سے احتجاجی ریلی نکالنے اور احتجاجاً وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ بات انہوں ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے چارمہینوں سے احتجاج پر بیٹھے ہیں حکومت معاملات کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ جبکہ معاملات حل کرنے میں حکومتی غیرسنجیدگی کے حوالے سے اپوزیشن کو بھی بارہا آگاہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اپوزیشن سمیت سب اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم نے ہمیشہ مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کی ہے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے منگل 01 فروری تک کی مہلت مانگ رکھی تھی، مدت پوری ہوئی مگر حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے نہ میٹنگ بلائی اور نہ ہی رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی غیرسنجیدگی کے پیش نظر 09 فروری بروز بدھ کو سول ہسپتال کوئٹہ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اواحتجاجاً ریڈزون کا رخ کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
اس پر انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ناخوشگوار واقع پیش آیا تو اس کا ذمہ دار حکومت وقت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔
آخر میں انہوں نے بتایا کہ بلوچستان بھر کے تمام ینگ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، فیڈریشن کے عہدیداران اور ممبران اس گرینڈ احتجاجی ریلی میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔