کیف (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو یوکرین پر روسی شیلنگ سے کم سے کم آٹھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہو چکے ہیں جبکہ یوکرین کے صدر نے ملک میں مارشل لا بھی نافذ کر دیا ہے۔
روسی صدر ولادی میر پوتن نے جمعرات کو یوکرین پر حملے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے یوکرین میں مارشل کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرین کی وزارت داخلہ کے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ روسی شیلنگ سے یوکرین میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہو چکے ہیں۔
یوکرین کا کہنا ہے یوکرینی افواج نے روس کے پانچ طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں جبکہ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے ہوائی اڈوں اور دفاع تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں تباہ کر دیا ہے۔
یوکرین کے صدر نے فیس بک پر پوسٹ کیے جانے والے اپنے اعلان میں کہا کہ ’روس ہمارے ملک کی فوجی تنصیبات کا نشانہ بنا رہا ہے۔‘
انہوں نے یوکرین کے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس صورت حال سے گھبرائیں مت کیونکہ فتح یوکرین کی ہو گی۔
یوکرین کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ان کی اس بارے میں امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی بات ہوئی ہے۔
یوکرین کے وزیر خارجہ دمتریو کلیبا کا بھی اپنی ٹویٹ میں کہنا ہے کہ ’روس نے یوکرین کے خلاف جنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ یوکرین کے پر امن شہر روسی حملے کے نشانے پر ہیں۔ یہ روس کی جارحیت پر مبنی جنگ ہے۔
واضح رہے کہ روسی اور یوکرینی فوج کے درمیان جھڑپ میں یوکرینی فوج نے روس کے پانچ طیارے اور ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یوکرین کی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ’پرسکون رہیں اور یوکرین کی افواج پر یقین رکھیں۔
روس کی وزارتِ دفاع نے کسی طیارے یا ہیلی کاپٹر کے مار گرائے جانے کی تردید کی ہے۔