کوئٹہ(ہمگام نیوز) قابض پاکستانی فوج کے شعبہ ء تعلقات عامہ آئی اس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کے علاقے گورچوپ، تربت میں بلوچ آزادی پسند مزاحمتکاروں کے ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جب سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، مسلح افراد نے اپنے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر حاصل دودا اور وشدل سمیت 7 مسلح افراد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ مسلح افراد مکران ڈویژن میں حالیہ فائرنگ اور سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔ جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک اہم زخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے گزشتہ روز فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے 7 بلوچوں کی تصاویر بھی شائع کی گئیں تھی، جبکہ تاحال کسی بھی آزادی پسند تنظیم کی جانب سے واقعے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔