جیکب آباد( ہمگام نیوز) جیکب آباد میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ ہوا جس سے جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ جیکب آباد کی ڈسٹرکٹ جیل کے قریب ریلوے ٹریک بوگیاں پٹڑی سے اتر نے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ۔دھماکے سے ٹریک تباہ ہونے بعد خوشحال خان خٹک ایکسپریس ،بولان ایکسپریس اور اکبر ایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ریلوے ٹریک پر دھماکہ صبح ساڑھے چھ بجے اُس وقت ہوا جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔دھماکے سے ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پرپہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔دھماکے کے مقام پر 8 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا جبکہ دو سو فٹ ٹریک بھی متاثر ہوا ۔ریلوے پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ جیکب آباد میں ریلوے پر دھماکے کی جگہ ایک اور بم کی اطلاع بھی ملی جس پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) طلب کر لیا گیا۔