ٹانک (ہمگام نیوز) خیبر پختونخوا کے جنوبی شہر ٹانک میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ایک کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں چار اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں تین حملہ آوروں کے بھی مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا ۔ حکام کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا۔
ضلعی پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے جب کہ حالات پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردیے گئے ہیں۔
ضلعی پولیس کہ مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کرتے ہوئے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اس جھڑپ میں تین حملہ آوروں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں
حملہ آوروں کے حملے کے بعد ٹانک شہر میں کاروباری مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔