پشاور (ہمگام نیوز) تحریک طالبان پاکستان نے ملک میں موسم بہار کی مناسبت سے البدر کے نام سے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔
یہ پہلا موقع ہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے اس طرح کی آپریشن شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے ـ اس سے قبل افغان طالبان افغانستان میں ہر سال موسم بھار کے آغاز پر ایسے ہی آپریشنز لانچ کرتے تھے۔
تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ آپریشن رمضان کے پہلے دن سے شروع ہو گا اور اس میں پاکستانی سیکیورٹی ادارے اور ان کیلئے کام کرنے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا ـ کل بدھ کے روز طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے رہبری شوریٰ کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس آپریشن میں گھات حملے، مائن کارروائیاں، تعارضی حملے، ٹارگٹڈ حملے، لیزری اور اسنائپر حملے شامل ہوں گے ـ
یہ پہلا موقع ہے کہ تحریک طالبان پاکستان اس طرح کا آپریشن لانچ کررہا ہے، اس سے پہلے تحریک طالبان پاکستان سے الگ ہونے والی تنظیم جماعت الاحرار نے ملک بھر میں مختلف ناموں سے آپریشنز لانچ کئے تھے ۔
واضح رہے کہ جماعت الاحرار کی ٹی ٹی پی میں دوبارہ شمولیت اس شرط پر ہوئی تھی کہ تنظیم ساخت کو امارت اسلامی کی طرز پر بنایا جائے گا ۔
پاکستانی طالبان کے اس اعلان سے کچھ ہی دیر پہلے آئی ایس پی آر نے بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پاک فوج کے ایک مرکز پر طالبان نے حملہ کیا ہے جس میں کم از کم چھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں ـ
دوسری جانب پاکستانی طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس حملے میں کم از کم 31 فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں ۔