بغداد( ہمگام نیوز)بغداد حکومت کو اب عراق کے مشرقی حصے میں شیعہ فائٹرز اور کُرد پیش مرگا کے درمیان شدید کشیدگی کا سامنا ہے۔ یہ تنازعہ دیالہ صوبے کے جڑواں شہروں جلولاء اور السعدیہ کے درمیان خندق کھودنے پر شروع ہوا۔ کرد فوج جلولاء پر قابض ہے اور السعدیہ پر شیعہ فائٹرز کنٹرول رکھتے ہیں۔ کرد پیش مرگا دونوں شہروں کی حدود کے درمیان ایک خندق کھود کر انہیں علیحدہ کرنا چاہتے ہیں۔ مقامی پولیس نے اِس خندق کے تنازعے پر ہونے والی مسلح جھڑپوں میں کم از کم پانچ افراد کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ شیعہ فائٹرز اور کرد پیش مرگا، بغداد حکومت کے ہمراہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔