یکشنبه, اکتوبر 6, 2024
Homeخبریںطالبان اور اماراتی کمپنی میں افغانستان کے تین ایئرپورٹس کی گراؤنڈ سروسز...

طالبان اور اماراتی کمپنی میں افغانستان کے تین ایئرپورٹس کی گراؤنڈ سروسز کا معاہدہ

کابل (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں تین ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے ملک میں برسرِ اقتدار طالبان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایک کمپنی کے درمیان معاہدہ ہوا ہے۔

طالبان کی عبوری حکومت کے نائب وزیرِ اعظم ملا عبدالغنی برادر دیگر حکام کی موجودگی میں منگل کو معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق طالبان حکومت کے عبوری نائب وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہوائی اڈوں کی گراؤنڈ سروسز کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یو اے ای کی کمپنی جی اے اے سی، کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، قندھار اور ہرات کے ہوائی اڈوں کی گراؤنڈ سروسز سنبھالے گی۔

معاہدے کے موقع پر ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ امارات اسلامی افغانستان ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی ’باختر‘ کے مطابق اسلامی امارت افغانستان کے حکام اور امارات سے تعلق رکھنے والی کمپنی جی اے اےسی کے درمیان کابل، ہرات، قندھار اور مزارِ شریف کے ہوائی اڈوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم اور گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کے موقع پر ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتی ہے اور طالبان ممالک کو کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضمانت دیں گے اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ کابل اور دیگر دنیا کے درمیان راستے کھولے گا اور تاجروں اور دیگر لوگوں کو افغانستان سے اپنے ملک واپس جانے میں تحفظات نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ طالبان کا یو اے ای کی کمپنی سے یہ معاہدہ متحدہ عرب امارات، ترکی اور قطر کے ساتھ کئی ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے۔ یو اے ای کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردِعمل نہیں آیا ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز