یکشنبه, اکتوبر 6, 2024
Homeخبریںیورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے میں تاخیر کی،...

یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے میں تاخیر کی، ولادیمیر زیلینسکی

کیف (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے میں تاخیر کرنے پر یورپی یونین پر تنقید کی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ولادیمیر زیلینسکی نے یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد کی گئی نئی پابندیوں کا خیر مقدم کیا ہے لیکن ساتھ ہی یورپی بلاک کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کرنے کے پانچویں اور چھٹے دور کے درمیان 50 دن سے زیادہ کا وقفہ ہونے پر تنقید بھی کی ہے۔

اس حوالے سے یوکرینی صدر نے منگل کو کیف میں سلواکیہ کی وزیر اعظم زوزانا کیپوٹووا کے ساتھ مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے پانچویں دور کو 50 دن سے زیادہ ہو چکے ہیں، روس پر نئی پابندیاں لگانے میں اتنی تاخیر ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین نے روس پر معاشی پابندیوں کو وسعت دیتے ہوئے اسکے90فیصد خام تیل کی درآمدات پر پابندی لگانے اور روس کے اہم بینک کوسوئفٹ فنانشل سسٹم سےنکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یورپین کونسل کے چیف چارلس مچل کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے فوری طور پر پابندی کے نئے معاہدے کا روس کی دو تہائی خام تیل درآمدات پر اطلاق ہو گا تاکہ روس پر جنگ کے خاتمے کیلیے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے۔

اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کے بعد یورپی یونین چیف چارلس مچل نے یہ اعلان بھی کیا کہ معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے جنگ زدہ یوکرین کو 9 ارب یورو کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز