دوشنبه, نوومبر 18, 2024
Homeخبریںدریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے 20 افراد جاں بحق متعدد لا...

دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے 20 افراد جاں بحق متعدد لا پتہ

کراچی (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق پنجاب کے رحیم یار خان میں دریائے سندھ میں غرقاب ہو جانے والی کشتی پر تقریباً سو باراتی سوار تھے۔ اب تک جن بیس افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اس میں بیشتر خواتین ہیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی لا پتا ہیں۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ رات تک کم از کم 20 لاشیں دریائے سندھ سے نکالی تھیں جبکہ بہت سے مزید افراد کے لا پتہ ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم رات میں اندھیرا ہونے کی وجہ سے ریسکیو کی کارروائی روک دینی پڑی، جو منگل کی صبح پھر سے شروع کر دی گئی ہے۔
گذشتہ شام صوبہ پنجاب کے رحیم یار خان شہر کے پاس دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ مذکورہ کشتی میں درجنوں خواتین اور بچے سوار تھے اور سب شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ مقامی حکام کے مطابق دریا پار کرنے والی دو کشتیوں میں مجموعی طور پر تقریباً 150 افراد سوار تھے، جس میں سے ایک کشتی الٹ گئی۔

حکام کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں تقریباً 95 باراتی سوار تھے جو، مہمانوں کو دریائے سندھ کے اس پار لے کر جا رہی تھی، تاہم راستے میں ہی الٹ گئی۔ مقامی حکام نے بتایا کہ واقعے کے وقت اس کشتی میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے۔
مقامی حکام نے یہ بھی بتایا کہ کشتی الٹنے کے بعد دوسری کشتی کے لوگوں نے تقریبا ًتیس افراد کی جان بچائی، جبکہ حادثے کے بعد بیس لاشیں نکالی گئیں، جس میں 19 خواتین ہیں۔ تین درجن افراد اب بھی لا پتا بتائے جا رہے ہیں جن کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق صادق آباد ضلع میں مچھکہ گاؤں سے دریائے سندھ کے اس پار کھروڑ گاؤں کے لیے بارات جا رہی تھی۔ ایک مقامی حکومتی اہلکار کے مطابق کچھ لوگ تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ کچھ دیگرکو مقامی ماہی گیروں نے اور درجنوں افراد کو غوطہ خوروں نے بچا لیا۔
ضلع رحیم یار خان کے ایک امدادی افسر کے مطابق کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیر کی دوپہر کے وقت پیش آیا تھا، تاہم امدادی کارکنان کو وہاں تک پہنچنے میں کافی وقت لگا کیونکہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہ کافی دور دراز علاقہ ہے۔
ان کے مطابق دشوار گزار راستہ ہونے کے ساتھ ہی جب آپریشن شروع کیا گیا تو دریا کا بہاؤ بھی بہت تیز تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریبا ًآٹھ گھنٹوں کی کوششوں کے بعد 20 لاشیں نکالی گئیں پھر اندھیرا ہونے کی وجہ سے صبح تک کے لیے آپریشن روک دیا گیا۔
ایک سرکاری اہلکار اسلم تسلیم نے مقامی ٹیلیویژن چینل جیو نیوز سے بات چیت میں کہا، ”ہم نے اب تک 20 لاشیں نکالی ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین تھیں۔ ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ کشتی میں کتنے لوگ سوار تھے۔ ہم بس خاندان کے افراد کی باتوں کی بنیاد پر اندازہ لگا رہے ہیں۔”
پولیس افسر محمد حماد نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ”ڈوبنے والوں میں زیادہ تر خواتین دکھائی دیتی ہیں، کیونکہ بیشتر مرد تیرنا جانتے تھے۔”
بر صغیر میں معاشرہ اب بھی قدرے قدامت پسند ہے اسی لیے جو رواج ہے اس کے تحت تیراکی سیکھنے کے لیے خواتین کو اتنی رسائی میسر نہیں جتنا کہ مردوں کو مواقع میسر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز