یکشنبه, اپریل 27, 2025
Homeخبریںایشیا کپ فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

ایشیا کپ فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

 

دبئی (ہمگـام نیوز) سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح وہ چھٹی مرتبہ ایشیا کپ کی فاتح ٹھہری ہے۔

آج دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 170رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 171 رنزکا ہدف دیا تھا مگراس کی پوری ٹیم بیسویں اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کرسری لنکا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی اورخود گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔سری لنکا کی اننگز کی خاص بات بھنوکا راجاپکشے کی شاندار بلے بازی تھی۔ انھوں نے 45 گیندوں پرناقابل شکست 71 رنز بنائے اور سری لنکا کا اسکور مقررہ 20 اوورز کے بعد 170پر پہنچا دیا۔

سری لنکا کی ٹیم ایک مرحلے پرپانچ وکٹ پر 58 رنز بنا کر ڈگمگا رہی تھی۔اس کے بعد راجاپکشے، دھناجیا ڈی سلوا (28) اور وانندو ہاسرنگا (36) کی تیز بلے بازی نے انھیں مسابقتی مجموعی اسکور تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سری لنکا کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم خان، افتخاراحمد اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی بلے بازی آج ایک مرتبہ پھر مجموعی طور پر بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور صرف اوپنربلے باز محمد رضوان ، افتخاراحمد اور حارث رؤف دُہرے ہندسے میں داخل ہوسکے۔انھوں نے بالترتیب 32،55 اور13 رنز بنائے۔

باقی سات کھلاڑی دس سے بھی کم انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اس اہم میچ میں بھی کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف پانچ رنز بناکر پویلین کو لوٹ گئے۔

فخرزمان اور آصف علی بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔

اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں دونوں ٹیمیں تین میں سے ایک ایک میچ ہارگئی تھیں اور سپر فور مرحلے میں انھوں نے بھارت اور افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز