اسلام آباد ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو آگاہ کیا ہے کہ تمام متاثرین کمپین کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں ۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ ، وفاقی وزیر شازیہ مری ، جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمان اور جسٹس ریٹائرڈ ضیاء پرویز شریک ہوئے ۔
اجلاس میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور لاپتہ افراد بارے قائم کمیشن کے ممبران شریک ہوئے اور رپورٹ پیش کی ۔ کمیٹی نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو آگاہ کیا کہ تمام متاثرین کمیشن کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں ، کمیٹی نے لاپتہ افراد بارے قائم کمیشن سے گذشتہ دس سالوں کی تحریر کی رپورٹ جمع کرانے کا کہا ۔ خواتین کو جنسی ہراسگی کا سامنا کرنے کے بارے میں سوال پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے الزامات کی تردید کی ہراسگی کے الزامات بارے کاروائی آگے بڑھنے پر ان کیمرہ اجلاس بھی بلایا جائے گا ۔


