سیئول( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کے وسطی علاقے میں بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 120 ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ ہفتے کومقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ یونگسن فائراسٹیشن کے سربراہ چوئی سنگ بیوم نے بتایا کہ مذہبی تیوہار ہالووین کی تقریبات کے دوران میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک تنگ گلی سے گذررہی تھی۔اس دوران میں ان میں دھکم پیل شروع ہوگئی اور بھگدڑ مچ گئی۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ ابھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
جنوبی کوریا کی نیشنل فائرایجنسی کے ایک عہدہ دار مون ہیون جو نے کہا کہ ’’علاقہ ابھی تک افراتفری کا شکار ہے اورہم زخمی ہونے والے افراد کی صحیح تعداد کا پتا لگانے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔
جائے وقوعہ کے نزدیک واقع اسپتالوں میں منتقل کیے گئے زخمی افراد میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی سینیرمعاونین کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور علاقے میں ہنگامی طبی ٹیموں کو بھیجنے کا حکم دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی اصل وجوہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔