تہران ( ہمگام نیوز) ایران کی مہر خبررساں ایجنسی نے آج پیر کے روز کہا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج میں اسمگل شدہ ایندھن لے جانے والے ایک غیر ملکی جہاز کو پکڑ لیا ہے۔
ایجنسی نے صوبہ ہرمزگان میں جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ مجتبیٰ جہرمانی کے حوالے سے بتایا کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جہاز کی تلاشی لی جس سے11 ملین لیٹر اسمگل شدہ ایندھن برآمد ہوا۔ ایجنسی کے مطابق جہاز کے کپتان اور عملے کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہاز کے عملے کو تفتیش مکمل کرنے کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ جہاز کی شناخت اور اس کی منزل کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔