صنعا ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق یمن میں مسلح افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبده مجلی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے حضر موت گورنری میں تیل کی بندرگاہوں اور بحری جہازوں کو بمباری کی دھمکیاں جاری کر رکھی ہیں۔
ایک پریس بریفنگ میں ملیشیا کے رہنماؤں نے ایرانی پاسداران انقلاب کے تعاون سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں پر نئے حملے کرنے کی تیاریوں کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یمنی مسلح افواج کے فضائی دفاع نے حوثی ملیشیا کی طرف سے ایرانی پاسداران انقلاب کی حمایت سے حضر موت گورنری میں الضبہ آئل پورٹ پر شروع کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کا جواب دیا ہے۔
تین ڈرون مار گرائے
انہوں نے کہا کہ فضائی دفاع دشمن کے تین ڈرون کو روکنے اور مار گرانے میں کامیاب رہا ۔ ایک ڈرون بندرگاہ میں تیل برآمد کرنے والے پلیٹ فارم سے جا ٹکرایا جس سے پلیٹ فارم کو مادی نقصان ہوا۔
پیر کے روز امریکی محکمہ خارجہ نے حوثی ملیشیا سے یمنی بندرگاہوں پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ امریکہ نے کہا تھا کہ ان حملوں سے وسائل کے بہاؤ میں خلل پڑ رہا اور ملک کی مصائب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بندرگاہوں پر حملوں میں اضافہ
یاد رہے اکتوبر کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے حوثی ملیشیا نے تیل کی بندرگاہوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔