یکشنبه, اکتوبر 6, 2024
Homeخبریںتربت میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا‘ ابتک5افراد جاں بحق

تربت میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا‘ ابتک5افراد جاں بحق

تربت(ہمگام نیوز)ڈینگی تربت شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں خطرناک حد تک پھیل چکی ہے، ایک اندازے کے مطابق اب تک ڈینگی سے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں،جس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی حکمت عملی تیار کی جائے وگرنہ مزید قیمتی جانیں جاسکتی ہیں ۔

 یاد رہے کہ گزشتہ روز اوورسیزکالونی تربت سے تعلق رکھنے والی گرلز ہائی اسکول ڈنک کی ہیڈمسٹریس ڈینگی سے جان بحق ہوگئی تھیں اور اس سے پہلے کوشقلات میں ڈینگی وائرس سے نوجوان فٹ بالرجان کی بازی ہارچکا تھا ۔

 مقامی لوگوں کے مطابق دشت کنچتی میں تین بچے ہلاک ہوئے تھے جو ڈینگی وائرس کے شکارتھے،ڈینگی وائرس سے کثیر تعداد میں نوجوان متاثر ہیں جو علاج کیلئے کراچی کارُخ کررہے ہیں،تربت میں ڈینگی کش اسپرے موثر نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکین سخت تشویش سے دوچار ہیں،تربت اور اس کے اطراف کے علاقے ڈینگی، ملیریااور دیگر وائرس سے شدید متاثر ہے متاثرین کی تعدادسینکڑوں میں پہنچ چکی ہے،صوبائی حکومت اورمحکمہ ہیلتھ بلوچستان تربت میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ کرکے ہنگامی اقدامات اٹھائیں ۔

دریں اثناء ضلع کیچ میں اور خصوصاً تربت میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیل رہی ہے، مقامی ہسپتالوں میں ڈینگی کے سینکڑوں کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جبکہ انجمن تاجران کے سابقہ صدر حاجی کریم بخش نے ڈینگی وائرس کی تیزی سے پھیلاؤ اور روک تھام کے لیے محکمہ صحت کے اقدامات کو ناکافی اور غیرموثر قرار دیا تھا، تربت میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے کے لیے محکمہ صحت کے پاس مناسب انتظامات موجود نہیں ہیں اور نہ ہی ہسپتالوں میں اس وبا سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی یا سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر صحت کا تعلق تربت سے ہے مگر اس کے باوجود ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی لمحہ فکریہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز