خاش ( ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز اتوار 8 جنوری کو ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر واش / خاش میں ریسکیو ریلیف یونٹ کی براہ راست فائرنگ سے دو بلوچ نوجوان جاں شہید ہوگئے۔
ان دو بلوچ نوجوانوں کی شناخت 35 سالہ ارسلان شہنوازی ولد سلیمان اور 30 سالہ حامد کہرازہی ولد حسن کے نام سے ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ارسلان اور حامد سرباز خاش اسٹریٹ پر پیدل جارہے تھے کہ ریسکیو ریلیف یونٹ کے دستوں نے ان پر براہ راست فائرنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق ان دو بلوچ نوجوانوں کو ریسکیو یونٹ کی فورسز نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا اور اس کے بعد اہلکاروں نے لوگوں کو زخمیوں کی مدد کرنے کی اجازت نہیں دی۔
مزید رپورٹ کے مطابق انہیں امداد نہ ملنے کی وجہ سے وہاں موجود لوگ مشتعل ہوگئے اور ریسکیو اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ آدھے گھنٹے کے بعد لوگوں نے انہیں ہسپتال پہنچایا لیکن زخموں کی شدت اور بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے دونوں کی موت ہو گئی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں ہر سال سکیورٹی اور فوجی دستوں کی بلااشتعال فائرنگ سے سینکڑوں بلوچ شہری شہید اور زخمی ہو جاتے ہیں۔


