یکشنبه, اکتوبر 13, 2024
Homeخبریں15 کم عمر فٹبال کھلاڑیوں پر حملہ، جنسی سکینڈل نے ایران کو...

15 کم عمر فٹبال کھلاڑیوں پر حملہ، جنسی سکینڈل نے ایران کو ہلا کر رکھ دیا

تہران ( ہمگام نیوز ) ایرانی وزیر کھیل حمید سجادی کی جانب سے ملک کے شمال مشرق میں واقع فٹبال اکیڈمی میں نابالغوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ اس نئے سکینڈل نے ایران کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ایران کی خبر ایجنسی ’’ ارنا‘‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ شہر خودرو فٹ بال کلب کے ایک سابق میڈیا اہلکار نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ٹیم اور اس کی اکیڈمی کے 15کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے کلب اور کوچز کے خلاف اپنے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی شکایت درج کرائی ہے۔ یہ فٹ بال کلب ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد میں قائم ہے۔

سرکاری ایجنسی نے اشارہ کیا کہ وزیر نے دو ہفتے قبل مشہد میں نوعمروں کی فٹ بال اکیڈمی میں جنسی حملوں کے بارے میں معلومات کے تناظر میں تحقیقات شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے ایسے گھناؤنے عمل میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کا کہا تھا۔ اخبار ’’ شہر آرا‘‘ نے اپنے جمعہ کے شمارے میں بتایا ہے کہ کھلاڑیوں کے اہل خانہ اس سانحہ کے خلاف فٹ بال ایسوسی ایشن کی مقامی شاخ کے سامنے جمع ہوئے تھے ۔ اجتماع کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا تو اہل خانہ نے اس معاملے کو میڈیا میں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے 2017 میں فٹ بال ایسوسی ایشن کی اخلاقیات کمیٹی کے ایک اہلکار نے ملک میں اس وقت تنازعہ کھڑا کر دیا تھا جب اس نے انکشاف کیا تھا کہ مقامی ٹیم میں دس سے زیادہ نوعمروں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز