ڈھاکہ(ہمگام نیوز) بنگلہ دیش میں ایک اور بلاگر کو قتل کردیا گیا، نیلوئے نیل پر ان کے گھر کے اندر خنجروں سے حملہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں رواں سال اس سے قبل بھی 3 بلاگرز قتل کیے جا چکے ہیں۔
بنگلہ دیش بلاگرزاینڈ ایکٹیوسٹس کے مطابق حملہ آوروں کا گروہ نیلوئے نیل کے گھر میں داخل ہوا اور خنجروں کے وار سے ان کو قتل کر دیا۔
تنظیم کے صدر عمران سرکار کا کہنا تھا کہ نیل انتہا پسندی کے خلاف تھے جو کہ ان کے قتل کی ایک وجہ بنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیل بنیاد پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف خیالات کا اظہار کرتے رہے تھے جبکہ وہ خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کے لیے بھی آواز بلند کرتے تھے۔
خیال رہے کہ نیلوئے نیل ہندو تھے جبکہ ان سے قبل قتل ہونے والے بلاگرز میں مسلمان بھی شامل تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 6 افراد کا ایک گروہ ان کے گھر میں داخل ہوا جن کا کہنا تھا کہ وہ کرائے کا گھر تلاش کر رہے ہیں۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر منتصر الاسلام نے بتایا کہ ان ملزمان میں سے 2 نیل کو ایک کمرے میں لے گئے اور وہ وہاں ان کو قتل کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ نیل کی اہلیہ گھر میں موجود تھیں مگر ان افراد نے ان کو دوسرے کمرے میں بند کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بلاگر اویجیت روئے، مارچ میں واثق الرحمن اور تین ماہ قبل آننتا بجوئے داس کو قتل کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کیے جانے والے تمام بلاگرز سیکولر تھے جبکہ مختلف متنازع موضوعات کو اپنے بلاگز میں زیر بحث لاتے تھے، البتہ ان کا کوئی ایسا بلاگ سامنے نہیں آیا جو ان کی وجہ شہرت رہا ہو۔