پیانگ یانگ (ہمگام نیوز) شمالی کوریا نے، کوریا کے دونوں حصّوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے والے اور فوجی طاقت سے پاک علاقے میں واقع راستوں پر بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔
میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شمالی کوریا ، فوجی قوّت سے پاک علاقے میں بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے۔ یہ کاروائی شمالی کوریا کی طرف سے، دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پار زمینی راستے بند کرنے کے لئے، اٹھائے گئے حالیہ اقدامات میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی شمالی کوریا کی طرف سے، ‘ایرو ہیڈ’ پہاڑ کے جوار کے غیر عسکری علاقے میں، بارودی سرنگیں بچھائے جانے کی نشاندہی ہوئی تھی۔
رواں سال ماہِ جنوری میں شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن نے، گیونگی کے زمینی راستے بند کرنے اور جنوبی کوریا کے ساتھ پوری سرحد پر دونوں ملکوں کا باہمی رابطہ کاٹنے کے لئے، سخت احکامات جاری کئے تھے۔
شمالی کوریا نے اٹھارہ اپریل کو ‘کیسونگ’ صنعتی کمپلیکس سے شروع ہو کر ‘کُمگانگ سان’ پہاڑ تک جاتے راستوں پر لگے روشنی کے کھَمبے بھی اُکھاڑ دیئے تھے۔