قاہرہ(ہمگام نیوز) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے ایک بم حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے العجوزہ کے علاقے میں قائم ایک نائٹ کلب پر آتشگیر مواد والا بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔
ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی “روئٹرز” کو بتایا کہ ایک مشتبہ حملہ آور اس کلب کا سابق ملازم تھا جسے حال ہی میں نوکری سے برخاست کیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق نائٹ کلب کے اسٹاف اور دیگر لوگوں کے درمیان کسی بات پر تلخی ہوئی جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔
حکام نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن تاحال اس میں کسی قسم کی پیش رفت کا نہیں بتایا گیا۔
مصر میں سلامتی کی صورتحال میں حالیہ مہینوں میں ابتری دیکھی گئی ہے اور شدت پسند گروپ داعش کی طرف سے بھی یہاں پرتشدد کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
2013ء میں ملک کے پہلے منتخب جمہوری صدر محمد مرسی کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے اسلامی انتہا پسند بھی متعدد حملے کر چکے ہیں۔