کوئٹہ(ہمگام نیوز) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری کا مغربی حصہ 2018 تک مکمل کرلیا جائے گا۔
کٹ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ گوادر سے رتوڈیرو روڈ کا 95 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم کی تمام سڑکوں کی بروقت تکمیل کے لیے سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے شاہد اشرف تارڑ کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت اقتصادی راہداری کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر کے دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے انجینیئرز، تکنیکی عملے اور مزدوروں کو بھی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
ملاقات کے دوران ثنا اللہ زہری اور چیئرمین این ایچ اے کے درمیان سڑکوں کی تعمیر کے جاری منصوبوں بالخصوص اقتصادی راہداری منصوبے سے جڑی سڑکوں کی تعمیر سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح ہے کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری گوادر سے کاشغر تک 3 ہزار کلو میٹر پر مبنی سڑکوں، ریلوے لائنز، آئل اور گیس پائپ لائنز کا نیٹ ورک ہے، جس کا نقطہ آغاز گوادر بندرگاہ ہے۔