Homeخبریںاسرائیل: حزب اللہ کا اسرائیل پر 20 کے قریب راکٹ حملے

اسرائیل: حزب اللہ کا اسرائیل پر 20 کے قریب راکٹ حملے

تل ابیب(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللہ نے جمعے کی صبح شمالی اسرائیل پر تقریباً 20 راکٹ فائر کیے۔

ذرائع کے مطابق اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے اپنے دفاعی نظام ‘آئرن ڈوم’ کے ذریعے 10 راکٹوں کا راستہ روک دیا، جب کہ 6 راکٹ کھلے علاقوں میں گرے۔ اسرائیل نے اس کے جواب میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔ راکٹ حملوں کے سبب کئی اسرائیلی قصبوں میں بسے لوگوں کو اپنے بچاؤ کے لیے پناہ گاہوں کا رخ کرنا پڑا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملے کے جواب میں اس نے راکٹ فائر کیے ہیں، اس واقعہ سے اسرائیل کی شمالی سرحد پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے چھوڑے گئے 10 راکٹوں کو ہدف بنانے کے لیے اسرائیل کے آئرن ڈوم سے داغے جانے والے میزائلوں سے علاقہ گونج اٹھا۔ گولان کی پہاڑیوں اور شمالی اسرائیل کے کئی قصبوں کے رہائشیوں نے راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے مختصر وقت کے لیے بنکروں میں پناہ لی۔

چھ راکٹ کھلے علاقوں میں گرے، جب کہ تین راکٹ اڑان بھرنے کے بعد راستے میں ہی لبنان کے علاقے میں گر گئے۔

تاہم اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ راکٹ حملوں سے کوئی اسرائیلی زخمی نہیں ہوا۔

Exit mobile version