Homeخبریںایران نواز حزب اللہ نے لبنان کے آئین اور ریاستی اداروں کو...

ایران نواز حزب اللہ نے لبنان کے آئین اور ریاستی اداروں کو تباہ کردیا ہے: شاہ سلمان

 

سعودی عرب (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ لبنان میں ایران نواز حزب اللہ کی بالادستی نے ملک کے آئین اور ریاستی اداروں کو تباہ کردیا ہے۔اس صورت حال سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ اس گروپ کو غیر مسلح کیا جائے۔

شاہ سلمان نے بدھ  کے روز ایک نشری تقریر میں کہا کہ ’’بیروت میں چار اگست کو تباہ کن بم دھماکے کی صورت میں آنے والی آفت ایران سے وابستہ دہشت گرد تنظیم حزب اللہ کی بالا دستی ہی کا نتیجہ ہے۔‘‘

انھوں نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انھیں اس وقت حزب اللہ کے اسلحہ کے بل پر فیصلہ سازی کے عمل پر کنٹرول کے نتیجے میں ’’انسانی المیے‘‘ کا سامنا ہے۔

شاہ سلمان نے لبنانی عوام کو درپیش گوناگوں مسائل کے اسباب کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’حزب اللہ کے کنٹرول نے لبنان کے ریاستی اداروں کو غیر فعال اور مضمحل کررکھا ہے۔

لبنان صرف اسی صورت میں امن واستحکام ، خوش حالی حاصل کرسکتا ہے کہ اس دہشت گرد تنظیم کو غیر مسلح کیا جائے۔‘‘

سعودی فرماں روا نے ایران کو بھی امن کے امکانات کو تار تار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تہران نے ایک مرتبہ پھر اپنی توسیع پسندانہ سرگرمیوں میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو استعمال کیا ہے اور اس نے سعودی عرب، یمن اور لبنان سمیت خطے میں متعدد ممالک کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی کوشش کی ہے۔

شاہ سلمان نے واضح کیا کہ ’’سعودی عرب اپنی قومی سلامتی کے تحفظ میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا اور وہ یمن میں اپنے برادر عوام کو ایران کی چیرہ دستیوں سے مکمل خود مختاری اور آزادی دلانے تک تنہا نہیں چھوڑے گا۔‘‘

Exit mobile version