کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے نام نہاد مرکزی کمیٹی کا بائیکاٹ کرنے والے نئے زونوں کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل اور تنظیم کے آئین کی بحالی کیلئے مشترکہ جد و جہد کی دعوت دی جاتی ہے ۔
آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ تنظیم کے آئین اور حقیقی بنیادوں کی بحالی کیلئے گزشتہ سالوں سے جاری جدو جہد قابل قدر ہے جس کے بدولت ہی آج اکثریتی زون اور کارکنان آرگنائزنگ کمیٹی کی پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اپنے تنظیمی سرگرمیاں بحال کر چکی ہیں البتہ چند زونوں کے علاوہ وہ تمام زون جنہیں تنظیم اداروں کو یرغمال بنانے والے گروہ نے مختلف حربوں کے زریعے دیگر زونوں اور کارکنان سے الگ کر لیا تھا اب وہ بھی تمام حقائق تسلیم کرتے ہوئے اسی راہ پر چلنے پر مائل ہو چکی ہیں جس کا انتخاب دوسرے زون بہت پہلے کر چکے تھے۔آج ایک مرتبہ پھر وہی حقائق دہرائی جارہی ہیں جن کا دفاع تنظیم کے تمام فعال اور اہم زون گزشتہ دو سالوں سے تواتر کے ساتھ کرتے آرہے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بی ایس او آزاد کے آئین اور اداروں کو یرغمال بنانے کا عمل چند سالوں سے جاری ہے البتہ اس دوران جس طرح آئین اور اداروں کو پامال کر کے انہیں گروہی ایجنڈوں کے مطابق چلانے کی کوشش کی گئی اسی طرح تنظیم کے اند ر کارکنان اور زونوں کو بھی ایک دوسرے سے الگ کر کے اس مہلک عمل کے خلاف اٹھنے والے آوازوں کو خاموش کرنے کی کوششیں بھی کی جاتی رہی ہے جن کے حوالے سے عوامی سطح پر سیر حاصل بحث کے بعدتمام حقائق واضح ہو چکے ہیں لیکن جس طرح تنظیم کے زونوں نے انتشار سے بچتے ہوئے ایک حقیقی مرکز کی غیر موجودگی میں اپنے اتحاد اور تنظیمی وابستگی کو برقرار رکھا ہے آج اس کے ثمرات بلوچ عوام اور بی ایس او آزاد کے کارکنان کے سامنے عیاں ہیں آرگنائزنگ باڑی کی کامیاب تشکیل اور کارکنان کے والہانہ اتحاد اور گرم جوشی نے بی ایس او آزاد کی حقیقی مقام کی بحالی کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد بی ایس او آزاد کوگروہی احکامات پر چلانے کی بجائے اسے اپنے پیروں پر کھڑا کر کے اپنا لائحہ عمل اور اپنی پالیسیاں خود تشکیل دینے کے قابل بنانا اور بلوچ طلبہ کو سیاسی محاز پر متحد کرتے ہوئے ان میں علم و آگائی اور سیاسی شعور کی ترویج ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تنظیم کے اکثریتی زونوں اور کارکنان نے آرگنازنگ باڑی کو تنظیم کے حقیقی بنیادوں کی بحالی کیلئے واضح مینڈیٹ دیا ہے جن میں تنظیم کے آئین اور اداروں کی بحالی، تنظیمی اتحاد کو بحال کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر تنظیم کاری اور ایک جامعہ تنظیمی پروگرام کی تشکیل سمیت دیگر امور شامل ہیں اسی مناسبت سے آرگنازنگ باڑی ان تمام زونوں کو جو نام نہاد مرکز سے خود کو الگ کر چکے ہیں انہیں مل بیٹھ کر آگے آنے والے پیچیدگیوں کو سلجھانے کی دعوت دی گئی ہے آرگنائزنگ باڑی نہ صرف بائیکاٹ کرنے والے زونوں بلکہ ان مخصوص زون کو بھی دعوت دیتی ہے جہاں نام نہاد مرکز نے پناہ لیا ہوا ہے کہ وہ اپنا زونل میندیٹ واضح کرتے ہوئے ایک وسیع بحث مباحثے کیلئے آرگنازنگ کمیٹی کے ساتھ بیٹھیں اور تنظیم کی بحالی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔