Homeخبریںبرطانیہ:شاہ چارلس کی تاج پوشی سے قبل بادشاہت مخالف گروپ کےرہ نما...

برطانیہ:شاہ چارلس کی تاج پوشی سے قبل بادشاہت مخالف گروپ کےرہ نما اورکارکنان گرفتار

لندن ( ہمگام نیوز ) برطانوی پولیس نے بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کے موقع پرنکالے جانے والے جلوس کے راستے میں احتجاج کی پاداش میں بادشاہت مخالف گروپ ری پبلک کے سرکردہ ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ری پبلک کے ایک کارکن نے لندن کے ٹریفالگر اسکوائرمیں صحافیوں کوبتایا:’’پولیس نے ہمارے چھے منتظمین کوگرفتارکرلیا ہے اور سیکڑوں پلے کارڈز قبضے میں لے لیے ہیں،ہمیں یہ نہیں بتایا گیاکہ انھیں کیوں گرفتارکیا ہے یاکہاں رکھا گیا ہے‘‘۔

ری پبلک کے چیف ایگزیکٹوگراہم اسمتھ ان افراد میں شامل تھے جنھیں گروپ کے احتجاج سے قبل گرفتار کیا گیاتھا۔انھوں نے ایسے پلے کارڈزلہرائے تھاجن پر لکھا تھا:’’میرا بادشاہ نہیں‘‘۔

آس پاس موجود کچھ عینی شاہدین نے ’’گراہم اسمتھ کو رہا کرو!‘‘ کے نعرے لگائے۔ لیکن دوسرے لوگوں نے “خدا بادشاہ کو بچائیں” کے نعرے لگائے اور یونین کے جھنڈے لہرائے۔

یورپی اتحاد برائے جمہوری تحریکیں(الائنس آف یورپین ریپبلکن موومنٹس) کے عملہ میں شامل ایک کیمرامین جائے وقوعہ پر موجود تھا اور اس نے ایک سینیر پولیس افسر سے استفسار کیاکہ گروپ کے ارکان کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے؟اس پر اس پولیس افسر نے چلتے اورچلّاتے ہوئے کہا:’’وہ گرفتار ہیں، یہاں سے چلے جاؤ‘‘۔

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس فورس نے فوری طورپراس معاملے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا۔برطانوی حکومت نے لندن پولیس کو احتجاج مخالف تحریک کے خلاف کارروائی کےلیے حال ہی میں متنازع طور پرنئے اختیارات دیے ہیں۔

اپنے ٹویٹر فیڈ پرری پبلک گروپ نے گرفتاریوں اور پلے کارڈز کی ضبطی کی تصدیق کی ہے اور یہ سوال کیا ہے کہ کیا یہ جمہوریت ہے؟

Exit mobile version