کراچی ( ہمگام نیوز) بھارتی مسافر طیارے نے دوران پرواز فنی خرابی پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
بھارتی فضائی کمپنی اسپائس جیٹ کا بوئنگ737 مسافر طیارہ نئی دہلی سے دبئی جارہا تھا، طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔
دوران پرواز طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی ، جس پر پائلٹ نے کراچی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
پاکستان سول ایوی ایشن انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی۔
لینڈنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ایئرپورٹ انتط امیہ نے مکمل انتظامات کررکھے تھے تاہم مسافروں کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہونے پر کپتان نے ہنگامی
لینڈنگ کی، طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیکیج کو چیک کیا جارہا ہے۔
گزشتہ برس مارچ میں بھی بھارتی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر طیارے نے ایک مسافر کی
طبیعت بگڑنے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
اس کے علاوہ 2020 میں بھی گو ایئر نامی فضائی کمپنی کا سعودی عرب سے دہلی جانے والے طیارہ
کراچی میں ہنگامی طورپر اتر چکا ہے۔